سکاﺅٹس تحریک، مسئلہ کشمیر اور ایل او سی پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ ) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد مسعود خان سے سپیکر بلوچستان اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید درانی کی ملاقات، صدر آزاد کشمیر کی بطور چیف سکاﺅٹ آزاد کشمیر تقریب حلف برداری ، پاکستان میں سکاﺅٹس تحریک کے خدو خال اور کردار ، سکاﺅٹس تحریک کی مستقبل کے لیے حکمت عملی مسئلہ کشمیر، مقبوضہ کشمیر اور کنٹرول لائن کی تارہ ترین صورتحال ، تحریک آزادی میں تیزی ، بھارتی افواج کی کارروائیاں ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر بلوچستان اسمبلی ، چیف کمشنر سکاﺅٹس محترمہ راحیلہ درانی نے بتایا کہ اس وقت پاکستان میں بوائز سکاﺅٹس کے دس یونٹس کام کر رہے ہیں اور سات لاکھ افراد سکاﺅٹس تحریک کا حصہ ہیں۔ چاروں صوبوں ، آزاد کشمیر اسلام آباد گلگت بلتستان اور فاٹا میں بھی تنظیمیں کام کر رہی ہیں۔ تحریک کے زیر اہتمام بٹراسی کیڈٹ کالج کام کر رہا ہے۔ اور دیگر صوبوں میں بھی پراپرٹی موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کے میں جب سے بذریعہ انتخاب چیف کمشنر بوائز سکاﺅٹس پاکستان کا عہدہ سنبھالا ہے۔ تحریک کو از سر نو تنظیم اور فعال بنایا گیا۔ اب ہم نے امن ، ترقی اور ہنگامی حالات میں امدادی کاروائیاں کرنے کے لیے حکمت عملی طے کر لی ہے۔ اور انشاءاللہ اس سلسلے میں ہم مزید اقدامات بھی کرینگے ۔ ملاقات میں طے ہوا کہ صدر آزاد کشمیر کی بحیثیت چیف سکاﺅٹ آزاد کشمیر حلف برداری کی تقریب آئندہ ماہ جولائی میں مظفرآباد میں ہو گی ۔ محترمہ راحیلہ درانی نے کہا کہ آزاد کشمیر اور بلوچستان کے درمیان ممبران اسمبلی ، خواتین ، بچوں ، طلباء، کھلاڑیوں وکلاءاور فنکاروں کے وفود کے تبادلے ہونے چاہیں۔ تاکہ بلوچستان اور آزاد کشمیر کے لوگ ایکدوسرے کے حالات اور رسم و رواج سے آگاہ ہو سکیں۔ اس موقع پر صدر آزاد کشمیر سردار محمد مسعود خان کہا کہ بحیثیت قوم ہم مشکل حالات سے گزر رہے ہیں۔ پاکستان کے پڑوسی ممالک میں حالات ٹھیک نہیں ۔ بھارت مکار دشمن ہے۔ ایسے حالات ہمیں پاکستان کے اندر اتحاد ، امن اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔

ای پیپر دی نیشن