عالمی بنک کے صدر جم بونگ کم نے پاکستانی حکومت کو تجویز دی ہے کہ وہ کشن گنگا ڈیم کے تنازع پر عالمی ثالثی عدالت میں جانے کے اپنے م¶قف سے دست بردار ہو جائے اور بھارت کی غیر جانبدار ماہر کی تقرری کی پیشکش قبول کر لے۔ جب بھارت نے کشن گنگا ڈیم کی تعمیر سے آبی ڈکیتی کا آغاز کیا تو اسے روکنے کے لئے کوئی م¶ثر کارروائی نہ کی جا سکی۔ جب اس پراجیکٹ کا انفراسٹرکچر بن گیا تو ہم نے بھاگ دوڑ شروع کی لیکن تب تک بہت تاخیر ہو چکی تھی۔ ایک مرحلہ پر عالمی عدالت نے مقدمہ کے ضمن میں ضروری کوائف‘ شواہد اور ڈیٹا طلب کیا تو ہمارے پاس کچھ بھی نہیں تھا۔ چنانچہ عالمی عدالت انصاف نے 20 دسمبر 2013ءکو بھارت کے حق میں فیصلہ سنا دیا۔ ماضی کی حکومتوں (جن میں پیپلز پارٹی‘ مسلم لیگ ن اور صدر مشرف کی حکومتیں بھی شامل ہیں) کی نااہلی کے باعث‘ ہم اپنے جائز حق سے بھی محروم کر دیئے گئے۔ اب اس مرحلے پر عالمی بنک کا مشورہ اس کی جانبداری کا مظہر ہے، وہ انڈس واٹر ٹریٹی پر پوری طرح عمل درآمد کا ضامن ہے۔ اصولاً وہ ہمیں غیر جانبدار ماہر سے رجوع کرنے کی تجویز دینے کی بجائے بھارتی اقدامات کا سندھ طاس معاہدے کی روشنی میں خود جائزہ لے۔ کشمیر اور آبی تنازعات پر عالمی اداروں اور نام نہاد غیر جانبدار ماہرین کی روش ہمارے سامنے ہے۔ اب ان تلخ تجربوں کے بعد عالمی بنک کا مشورہ ماضی کی غلطی کے اعادے اور وقت کے ضیاع کے سوا کچھ نہیں ہو گا۔ دوسری طرف قوم کے مستقبل کے حوالے سے ہماری بے حسی کا یہ عالم ہے کہ عام انتخابات ہو رہے ہیں لیکن کسی سیاسی جماعت نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کو اپنے منشور کا حصہ ہی نہیں بنایا۔ گزشتہ روز سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل نے کالا باغ ڈیم کی تعمیرکے حوالے سے گریز کی پالیسی پرتاسف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ بھاشا ڈیم بنے گا نہیں اور کالا باغ ڈیم بننے نہیں دیں گے۔ اس کمیٹی میں چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے کالا ڈیم کی افادیت سے بھی آگاہ کیا جبکہ چیئرمین کمیٹی سنیٹر شمیم آفریدی نے گوادر میں پانی کی کمی کا مسئلہ بھی اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر فاٹا کا مسئلہ 3 دن میں حل ہو سکتا ہے تو گوادر میں پانی کا مسئلہ کیوں حل نہیںہو سکتا۔ پاکستان میں پانی کی کمی ہے جو مزید شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ اس کا حل بھارت کو پاکستان کے پانیوں پر قبضے سے روکنا اور کالا باغ ڈیم سمیت پانی کے زیادہ سے زیادہ ڈیم اور آبی خائر تعمیر کرنا ہے۔