کراچی (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حلقہ این اے 246 کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کہا بینظیر بھٹو کا مشن مکمل کریں گے۔ میں پارلیمانی سیاست میں آ رہا ہوں اور اب بہت عرصے بعد ایک مرتبہ پھر پارلیمان میں بھٹو ہوگا اور میں سمجھتا ہوں کہ بھٹو ہی جمہوریت کا دفاع کر سکتا ہے۔ پاکستان کے عوام کی خدمت ہمارے لیے خوشی کا باعث ہے۔ بعدازاں بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے علاقے لیاری میں لی مارکیٹ، چاکیواڑہ، بغدادی اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران مقامی افراد نے ان کا گرم جوشی کے ساتھ استقبال کیا اور ان کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری آج 8 جون کو لاڑکانہ میں قومی اسمبلی کی نشست کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔ واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے علاوہ خیبر پی کے سے بھی انتخاب میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
بلاول