پشاور: چلتی گاڑی پر فائرنگ سے پولیس اہلکار، مہمند ایجنسی:خاصہ دار اغوا کے بعد قتل

Jun 08, 2018

پشاور، مہمند ایجنسی(بیورو رپورٹ+آن لائن) پشاور کے مضافاتی علاقہ سربند عیسیٰ زئی میں معمولی تلخ کلامی کی بناء پر مسلح افراد نے چلتی گاڑی پر فائرنگ کر دی کے نتیجہ میں پولیس اہلکار قتل‘ جبکہ اس کا بھائی بال بال بچ گیا، عیسیٰ زئی سربند کے رہائشی فضل الٰہی ولد نیاز علی نے پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ روز اپنے بھائی احمد علی جو کہ ایف آر پی اہلکار ہے اور ایس پی کیساتھ ڈرائیور ہے کے ہمراہ اپنی کار میں ڈیوٹی پر جارہا تھا کہ اس دوران راستہ میں گھات لگائے ملزموں اختر گل ولد پائندہ خان اوراس کے بیٹوں طاہر اور زبیر نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ ملزمان کی فائرنگ سے وہ بال بال بچ گیا جبکہ اس کا بھائی احمد علی شدید زخمی ہوکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا‘ حملہ آور فرار ہوگئے‘ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ آن لائن کے مطابق مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی کے علاقہ علینگار میں نامعلوم افراد نے خاصہ دار صوبیدار کو رات کے وقت اغواء کے بعد قتل کر دیا۔ گزشتہ رات مقامی صوبیدار شیر علی عشاء کے وقت نماز تراویح کیلئے گھر سے نکلا کہ راستے میں نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا۔ جبکہ دوسرے دن پولیٹیکل انتظامیہ کو اس کی گولیوں سے چھلنی نعش ملی جسے ورثاء کے حوالے کر دیا۔

مزیدخبریں