خفیہ ایجنسیوں میںرابطہ پرامن‘ کامیاب انتخابات کیلئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے: دوست محمد

پشاور‘ سوات (بیورورپورٹ+نامہ نگار) نگران وزیراعلیٰ خیبر پی کے دوست محمد نے قبل ازانتخابات، دوران انتخابات اور بعداز انتخابات کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے محکمہ پولیس کو فوری رسپانس فورس تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خفیہ معلومات اکٹھا کرنا ،معلومات کا تبادلہ اور انٹیلی جنس ا یجنسیوں کے درمیان رابطہ پر امن اور کامیاب انتخابات کے انعقاد کیلئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے تاکہ ہنگامی صورتحال سے پیشہ ورانہ انداز میں نمٹا جاسکے، شر پسندوں اور تخریب کاروں کی دراندازی کو روکا جاسکے اور صوبے میں معمولی اور سنگین دونوں نوعیت کے جرائم کی باضابطہ چیکنگ اور ان پر قابو ممکن ہوسکے۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں انتخابات کیلئے شعبہ پولیس کی تیاریوں کے معیار کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ چیف سیکرٹری محمداعظم خان، انسپکٹر جنرل پولیس صلاح الدین محسود، انتظامی سیکرٹریوں اور پولیس کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈی آئی جی محمدعلی باباخیل نے صوبے میں عام انتخابات کیلئے پولیس کی تیاریوں کا تفصیلی خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے پولیس کی استعداد اور کمزوریوں، چیلنجز اور عزائم، چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پولیس کی مجموعی تیاریوں کی تفصیل بھی پیش کی۔ اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ نے صوبے میں جرائم پیشہ افراد کی دراندازی کو روکنے کیلئے تمام روٹس کی نگرانی کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ نگران حکومت انتخابات میں روڑے اٹکانے اور شرپسندی کی اجازت نہیں دے گی ۔دوست محمد نے حساس علاقوں پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس عمل کو خفیہ ایجنسیوں کے سرچ آپریشن کی معاونت حاصل ہونی چاہیے اور پولیس کو بھی اس سلسلے میں خاطر خواہ کردار ادا کرنا ہے۔ دوست محمد نے کہا کہ آزاد، غیر جانبدار، شفاف اور پر امن انتخابات کا انعقاد ہمارا ہدف ہے جس کی طرف ہم بتدریج بڑھ رہے ہیں، صوبائی حکومت اپنے وسائل اور اختیارات کے مطابق اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔ نگران وزیراعلیٰ دوست محمد نے گلوبل وارمنگ کے بڑھتے ہوئے خطرات کے تناظر میں تیز رفتار اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ صوبہ قدرتی آفات کے دہانے پر ہے ، قابل عمل منصوبہ بندی اور سوچ کے فقدان کی وجہ سے گلیشیئرز جیسے اہم ترین قدرتی خزانے تباہ ہوتے ہیں اور نقصان کا باعث بن جاتے ہیں انہوں نے صوبے میں گلیشئرز کا مکمل ڈیٹا جمع کرنے ،ممکنہ سیلاب کی صورت میں ایڈوانس وارننگ سسٹم کو اپ گریڈ کرنے اور دیگر حفاظتی اقدامات سمیت نجی کشتیوں اور تیراکوںکا ڈیٹا جمع کرکے رجسٹر کرنے اور بوقت ضرورت ان سے استفادہ کرنے کی ہدایت کی ہے ، انہوں نے ہدایت کی کہ اپنے وسائل کو یکجا کرکے کمزوریوں کو قوت میں تبدیل کریں ہم اس سلسلے میں مزید غفلت کے متحمل نہیں ہو سکتے ۔ وہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اس موقع پر اتھارٹی کے سٹرکچر ، اختیارات، ذمہ داریوں، رابطے کے طریق کار، دائرہ کار اور دیگر پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی نگران وزیر اعلیٰ نے اتھارٹی کے صحیح معنوں میں با اختیار ہونے اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا انہوں نے صوبے میں قدرتی آفات کی تباہ کاریوں سے بچاؤ اور گلیشیئرز جیسے اہم ترین قدرتی خزانے کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے گلیشیئرز کا ڈیٹا جمع کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے سیلاب کے تناظر میں حساس ترین علاقوں کو تین مختلف زونز میں تقسیم کرنے اور وہاں ضرورت کی بنیاد پر افرادی قوت کا انتظام کرنے کی ہدایت کی ۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...