شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) انجمن تاجران فروٹ اینڈ سبزی منڈی ایسوسی ایشن کے صدر الحاج طارق چودھری، حاجی یوسف منج، انوارالحق بٹ، رانا زبیر، شفقت خان کچھی، حاجی میاں عبدالغفار، میاں اسلم جالندھری، چودھری عبدالرشید، محمود احمد ڈوگرنے کہا ہے کہ ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمان آج غلامی، محکومی، ذلت ورسوائی کی زندگیاں بسر کرنے پر مجبور ہیں اسکی بنیادی وجہ قرآن وسنت کی تعلیمات سے روگردانی اختیار کرنا ہے جس کی وجہ سے خدا کی نصرت وتائید سے مسلمان محروم ہوتے جا رہے ہیں مسلمانوں کو اپنے انفرادی اور اجتماعی گناہوں کی معافی کیلئے خدا کے حضور سجدہ ریز ہونے کی ضرورت ہے جب مسلمانوں کا خدا کیساتھ رشتہ مضبوط اور توکل پختہ تھا تو اس وقت خدا نے قوموں پر آئے عذاب کو بھی ٹال دیا مگر آج ہمارے عقائد کمزور ہوتے جا رہے ہیں۔ غیروں کی ڈکٹیشن سے نہ تو ملکی معیشت بہتر ہوسکتی ہے اور نہ ہی مسلمانوں کی کھوئی ہوئی عظمت رفتہ بحال ہو سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’نوائے وقت‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان رہنمائوں نے کہاکہ قرآن نے واضح طور پر یہ پیغام دیا ہے کہ جس نے خدا کے ذکرسے منہ پھیر لیا اس کی معیشت تنگ کردی جائیگی ان حالات میں ہماری معیشت غیر ملکی قرضوں سے کس طرح باہر آسکتی ہے مسلمانوں کو خدا کی ذات پر اپنا تقویٰ اور توکل مضبوط کرنے کیلئے نبی کریمؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہوگا اسی میں ہمارے دنیا اور دینی مسائل ،مشکلات کا حل اور ترقی کا پنہاں ہے۔
مسلمانوں کی رسوائی کی بنیادی وجہ قرآن و سنت سے روگردانی ہے: طارق چودھری
Jun 08, 2019