لاہور (کامرس رپورٹر)کراچی سے لاہور آنے والی قراقرم ایکسپریس کی ایک کوچ فیصل آباد کے مقام پر ڈی ریلمنٹ کا شکار ہو گئی جس کی وجہ سے ٹرین آپریشن تعطل کا شکار ہو گیا ،دو گھنٹے کی کوششوں کے بعد ریلیف ٹرین کی مدد سے ٹریفک بحال کر دی گئی۔ریلوے ترجمان کے مطابق کراچی سے لاہور آنے والی قراقرم ایکسپریس کی ایک کوچ کی ڈی ریلمنٹ کاواقعہ ٹرین فیصل آباد یارڑ میں داخل ہوتے وقت پیش آیا۔صبح 10 بجکر 15 منٹ پر ٹرین کی ایک کوچ کے دو ویل پٹڑی سے اتر گئے۔ خوش قسمتی سے کسی طرح کا جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ اطلاع ملتے ہی متعلقہ افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ترجمان کے مطابق ڈی ریلمنٹ کی وجہ سے کراچی سے فیصل آباد آنے والی ملت ایکسپریس 45 منٹ جبکہ کراچی سے آنے والی پاکستان ایکسپریس 50 منٹ تاخیر کا شکار ہوئیں۔دو گھنٹو ں کی کوششوں کے بعد ریلیف ٹرین کی مدد سے ٹریفک بحال کر دی گئی ۔ایک ہفتے کے دوران فیصل آباد اسٹیشن پر ہی ٹرین پٹڑی سے اترنے کا دوسرا بڑا واقع ہے ۔قراقرم ٹرین پٹڑی سے نیچے اترنے کی وجہ سے مسافروں میں خوف وہراس پیدا ہوگیا اور انہوں نے کلمہ طیبہ کا ورد شروع کر دیا ۔