لاہور(احسن صدیق سے)ایف بی آر کو بینکس اپنے اکاونٹ ہولڈرز کی معلومات از خود فراہم نہیں کریں گے تاہم قانون کے مطابق ایف بی آر کو اختیار حاصل ہے کہ وہ بینکوں سے ان کے اکائونٹ ہولڈرز کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتا ہے اور بینکس ایف بی آر کی جانب سے مانگی گئی معلومات کو فراہم کرنے کے پابند ہیں ۔ سٹیٹ بینک کے حکام نے بھی واضح کیا ہے کہ ایف بی آر کے پاس قانون کے مطابق اختیا رات ہیں کہ وہ بینکوں سے اکائونٹس کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتا ہے ۔درین اثنا انسٹیٹیوٹ آف اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس کے چیئرمین ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی نے ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ’’ سٹیٹ بینک نے ایف بی آر کو بینک اکائونٹس تک رسائی دینے سے انکار نہیں کیا ‘‘کے بیان پر کہا ہے کہ یہ ایف بی آر کا ٹیکس ایمنسٹی سکیم کو کامیاب کرانے کا حربہ ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد ٹیکس ایمنسٹی سکیم میں شامل ہوسکیں ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے ختم ہونے پر یہ اقدام کیا جاتا تاکہ جن اکائونٹس کو ظاہر نہیں کیا گیاان پر مروجہ قانون سے دوگنی شرح سے ٹیکس وصول کیا جاتا۔