لندن ( آن لائن )برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے اپنی اعلان کردہ تاریخ کے مطابق کنزرویٹو پارٹی کے سربراہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ تھریسا مے نئے سربراہ کے انتخاب تک وزیراعظم رہیں گی جو کہ جولائی کے اواخر میں منتخب ہوگا لیکن وہ یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کے معاملے پر فیصلے کا اختیار نہیں رکھتیں۔بریگزٹ کے لیے 31 اکتوبر کی تاریخ طے کی گئی ہے لیکن یورپی یونین سے علیحدگی سے متعلق کیا گیا معاہدہ برطانوی پارلیمنٹ میں تاحال التوا کا شکار ہے۔خیال رہے کہ 24 مئی کو تھریسامے نے انتہائی جذباتی انداز میں اعلان کیا تھا کہ وہ 7 جون کو وزیراعظم اور حکمراں جماعت کنزرویٹو اور یونینسٹ پارٹی کی رہنما کے عہدے سے مستعفی ہوجائیں گی۔تھریسامے نے 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ' میں 7 جون برزو جمعہ کو کنزرویٹو اور یونینسٹ پارٹی کی قیادت سے مستعفی ہوجاؤں گی تاکہ نئی قیادت کو منتخب کیا جاسکے'۔
برطانوی وزیراعظم نے کنزرویٹو پارٹی کے سربراہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا
Jun 08, 2019