لاہور، رائے ونڈ(ایجنسیاں، نامہ نگار )عید الفطر کی تعطیلات کی وجہ سے شریف فیملی ، پارٹی رہنمائوں اور کارکنوںکی کوٹ لکھپت میں نواز شریف سے ملاقات نہ ہو سکی ، پارٹی قائد کیلئے پھل اندر بھجوانے سے انکار پر لیگی کارکنوں اور جیل پولیس کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جبکہ کارکنوں نے احتجاجاً دھرنابھی دیا ۔ ملاقات کیلئے جمعرات کا دن مختص ہے تاہم عید الفطر کی تعطیلات کی وجہ سے وزارت داخلہ کی جانب سے جیل انتظامیہ کو کسی بھی ملاقات کے حوالے سے باضابطہ اجازت نہ دی گئی ۔لیگی کارکنوں نے نماز عید جیل کے باہر ادا کی۔ نوازشریف سے فیملی کے افراد اورپارٹی رہنما ئوں کی آج ہفتہ کو ملاقات ہو گی ۔مریم اورنگزیب نے ملاقات کی اجازت نہ دیئے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عید کا آخری دن اور عمران خان نے نوازشریف کو ان کی والدہ اور بیٹی سے نہ ملنے دیا۔ نوازشریف کو اپنے گھروالوں سے نہ ملنے دینے سے آپ کی نااہلی اور نالائقی کم نہیں ہوگی۔ آپ نوازشریف سے بدلہ لے رہے ہیں۔ نوازشریف اس لئے جیل میں ہیں کیونکہ آپ نے ملک کو آئی ایم ایف میں گروی رکھنا تھا۔ عمران خان یاد رکھیں ظلم جب حد سے بڑھ جائے تو مٹ جاتا ہے۔ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل نے کہا ہے کہ نواز شریف کی صحت معمول کے مطابق ٹھیک ہے۔ مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل میںؒ انہوں نے کہا مریم اورنگزیب بھول رہی ہیں نواز شریف کس وجہ سے قید ہیں ،جیل میں ہونے کے باعث نواز شریف نے عید پاکستان میں گزاری، ن لیگ کے پاس سیاست کیلئے نواز شریف کے سوا کوئی ایشو نہیں، میاں صاحب نے عید سے پہلے فیملی اور 225 کارکنوں سے ملاقات کی۔