16 حلقوں کو انتخابی نشان الاٹ ہوتے ہی قبائلی اضلاع میں سیاسی گہماگہمی شروع

کوہاٹ(این این آئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے خیبر پی کے کی صوبائی اسمبلی کے 16 حلقوںکے لئے اْمیدواروں کی حتمی فہرستوں کی اشاعت اور انتخابی نشانات الاٹ ہونے کے بعد تمام قبائلی اضلاع میںسیاسی گہماگہمی اور انتخابی مہم کا آغاز ہوگیا ہے جہاں 16عام نشستوں پر آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات میں دوخواتین سمیت کل 297 اْمیدوارانتخابی میدان میں رہ گئے ہیں جن کے مابین کانٹے دار مقابلہ کی توقع ہے۔ ان اْمیدواروں میں دس سیاسی پارٹیوں کے 84 نامزداْمیدوارجبکہ باقی213 آزاداْمیدوارشامل ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف نے تمام 16 حلقوں ‘ جمعیت العلمائے اسلام (ف) نے پندرہ‘ عوامی نیشنل پارٹی نے چودہ ‘پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرین اور جماعت اسلامی نے تیرہ تیرہ حلقوں پر اپنے اپنے اْمیدوارمیدان میں اْتارے ہیں۔ حتمی فہرستوں کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ن) نے پانچ‘ قومی وطن پارٹی نے تین جبکہ جمیعت العلمائے اسلام(س) اور پاکستان سرزمین پارٹی نے دو دو حلقوں جبکہ پاکستان عوامی انقلاب پارٹی نے صرف ایک حلقے سے اپنے اْمیدوارکو ٹکٹ جاری کئے ہیں۔الیکشن کمیشن کے حتمی فہرستوں کے مطابق 16 عام نشستوں پردوخواتین سمیت 297اْمیدوارمیدان میں رہ گئے ہیں جنہوں نے عیدالفطر کے فوری بعد اپنے اپنے انتخابی حلقوں میں انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے اور کارنر میٹنگز شروع کردی ہیں ۔ الیکشن کمیشن کے جاری حتمی فہرستوں کے مطابق قبائلی ضلع کرم کے حلقہ پی کے 108 میں سب سے زیادہ 26 آزاد اْمیدوارانتخابی میدان میں اپنی قسمت آزمائی کررہے ہیں جبکہ سب سے کم آزاداْمیدواروں کی تعدادقبائلی ضلع باجوڑ کے حلقہ پی کے 100 میں ہے جہاں کل 12میں سے صرف 4آزاداْمیدوارحصہ لے رہے ہیں۔اسی طرح تمام 16حلقوں میں سب سے کم اْمیدوار چھ قبائلی سب ڈویژن پر مشتمل حلقہ پی کے 115 میں ہے جہاں تین سیاسی جماعتوں پی ٹی آئی‘ اے این پی اور جے یو آئی(ف) کے تین اْمیدواروں اور سات آزاراْمیدواروں سمیت کل10 اْمیدوارحصہ لے رہے ہیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ دو قبائلی اضلاع خیبر کے حلقہ پی کے 106 سے عوامی نیشنل پارٹی کی خاتون اْمیدوار ناہید اور ضلع کرم کے حلقہ پی کے 109 سے جماعت اسلامی کی خاتون ملاسہ(زوجہ حکمت خان) ان انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن