گرانفروشی جاری عید کی چھٹیوں میں دکاندار شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتے رہے

Jun 08, 2019

لاہور (کامرس رپورٹر) عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران صوبائی دارالحکومت میں سرکاری سطح پر اشیاء خورونوش کی گراں فروشی کو روکنے کے لئے کوئی اقدام نہ کئے جانے کے باعث گراں فروشوں نے شہریوں کو دونو ں ہاتھوں سے لوٹا ۔ علامہ اقبال ٹائون، سمن آباد، اچھرہ، مزنگ، اندرون شہر، گلبرگ، ماڈل ٹائون، ایجوکیٹن ٹائون سمیت دیگر علاقوں کے صارفین کے مطابق دکاندار وں نے انکو سبزیوں میں ایک کلو آلو کچا چھلکا 45روپے تک فروخت کیا جبکہ ایک کلو پیاز55روپے، ٹماٹر50 روپے ، لہسن دیسی 160 روپے، لیموں دیسی350 روپے،ادرک چائنہ 250 روپے، پالک 25 روپے،آم سندھڑی 150روپے ، انگور 220 روپے، کیلا اول درجن 190 روپے، کیلا دوم درجن 110 روپے تک فروخت کیاہے۔بیکری آئٹمز کی قیمتوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال عید پر 15 فیصد کے لگ بھگ اضافہ ہوا بیکری مالکان نے دو پاونڈکریم کیک کی قیمت1200روپے سے بڑھا کر1500روپے تک فروٖخت کئے ، تندور مالکان نے عید الفطر کے دوران لوگوں کو خمیری روٹی اور نان 12روپے میں فروخت کئے ۔عید کے موقع پر دودھ دہی فروخت کرنے والوں نے ایک کلو دہی 90روپے سے 100روپے کلو تک فروخت کیا ۔ ایک کلو مٹن 1200روپے ،ایک کلو گائے کا گوشت 600روپے اور ایک کلو بڑائلر مرغی کا گوشت کی قیمت 4جون کو 247 روپے تھی لیکن عید کی چھیٹیوں کے دوران 300روپے کلو تک فروخت کیا گیا ۔

مزیدخبریں