راولپنڈی (آ ئی این پی+ اے پی پی)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ اسدعمر واپس آئیں اور اپنا کردارادا کریں۔ ریلوے کوصرف 20 فیصد پی ایس ڈی پی مل رہا ہے، عید کے دن ٹکٹ آدھا کردیا،تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے میڈیا سے کہا کہ یہ بڑے پروفیشنل قسم کے ڈاکو ہیں، یہ عید کے بعد تحریک چلانا چاہتے ہیں تو ہم حاضرہیں، انہیں ضمانتیں مل رہی ہیں جس پر اکڑرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کوصرف 20 فیصد پی ایس ڈی پی مل رہا ہے، عید کے دن ٹکٹ آدھا کردیا ۔ انہوں نے کہا عمران خان محنت کررہے ہیں، میری خواہش ہے کہ اسدعمر واپس آئیں اور اپنا کردار ادا کریں۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ایم ایل ون بنانا میری زندگی کا خواب ہے، اس کے بعد ریٹائر ہو جائوں گا۔ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے بانڈ زجاری کرنے کا سوچ رہا ہوں۔اے پی پی کے مطابق انہوں نیکہاہے کہ پاکستان ریلوے نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ عید الفطر پر 20لاکھ مسافروں کو اپنے پیاروں سے ملوایا اور ایک ارب روپے کی آمدن حاصل کی جبکہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں سے تین کروڑ روپے وصول کیے ۔ایک ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے قوم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے مسافر وں سے التماس کیا کہ وہ ٹرین کی چھتوں پر سفر نہ کریں اور اپنی زندگیوں کو محفوظ بنائیں ۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ایم ایل ون آنے دیں انشاء اللہ لاہور کراچی 8گھنٹے اور پنڈی لاہور 2گھنٹے کا سفر ہو گا ،اپنی کوچز بنائیں گے ،اپنی مال بردار ٹرینیں بنائیں گے ،پاکستان اور پاکستان ریلوے کو آگے لے کر جائیں گے ۔