لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ روابط کی بحالی کے لیے پہلی اینٹ رکھ دی گئی ہے۔بھارتی بورڈ نے پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم کی میزبانی کے لیے اپنی حکومت سے اجازت طلب کرلی ہے، آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کے سلسلے میں پاکستان اور بھارت کی خواتین ٹیموں کے درمیان سیریز جولائی سے نومبر تک کسی بھی وقت شیڈول ہے، یہ سیریز ویمنز ورلڈکپ 2021 کے کوالیفائرز کا بھی فیصلہ کرے گی، اس سیریز کی میزبانی بھارتی کرکٹ بورڈ نے کرنی ہے، جس کے لیے پہلے مرحلے میں اسے حکومت کی جانب سے کلیئرنس درکار ہے۔اجازت ملنے کی صورت میں بھارتی بورڈ آئی سی سی کو آگاہ کرے گا، جس کے بعد دونوں ممالک کے بورڈ اس سیریز کی تاریخیں طے کریں گے، بھارتی حکومت کی جانب سے انکار کی صورت میں سیریز فورفیٹ کرنے پر بھارتی ٹیم کو پوائنٹس سے محروم ہونا پڑسکتاہے۔مینز کرکٹ میں دونوں ملکوں کے درمیان 6 سال سے سیریز التوا کا شکار ہے، ویمن سیریز کی بحالی سے مینز کرکٹ کے راستے بھی کھل سکتے ہیں۔