لاہور (خصوصی نامہ نگار ) لاہورڈویلپمنٹ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ ایل ڈی اے سٹی کے پلاٹوں کے ترقیاتی واجبات کی پہلی قسط جمع کرانے کی آخری تاریخ15جون ہے جس میں مزید کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔ اس تاریخ کے بعد فائل مالکان کواصل رقم کے علاوہ ساڑھے 17فیصد جرمانہ بھی اداکرنا ہوگا۔ پلاٹ مالکان سے پہلے ہی مکمل کی بجائے نصف ترقیاتی اخراجات وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کی طرف سے ان نصف ترقیاتی واجبات کی بھی دیر سے ادائیگی سکیم میں اس وقت جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار میں کمی، سکیم کے مجموعی ترقیاتی اخراجات میں اضافے اور پلاٹوں کا قبضہ حاصل کرنے میں تاخیر کا باعث بن سکتی ہے۔ اس لیے پلاٹ مالکان اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے بلاتاخیر ترقیاتی واجبات جمع کرائیں۔واضح رہے کہ ایل ڈی اے کی طرف سے ڈویلپمنٹ چارجز کی پہلی قسط کی وصولی کی تاریخ میں ابھی تک تین مرتبہ توسیع کی جا چکی ہے۔ ڈویلپمنٹ چارجز کی پہلی قسط جمع کروانے کے لئے سات اپریل تک کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔