لاہور(کامرس رپورٹر ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے عوام حکومتی فیصلوں کے نفاذ میں تعاون کریں۔ایس اوپیز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے اس امر کا اظہار گزشتہ روز اپنے کیمپ آفس میں تاجروں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایس اوپیز کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ کرونا سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کئے بغیر کوئی چارہ نہیں۔لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد لازم ہے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ مارکیٹوں کی مانیٹر نگ جاری رہے گی، خلاف ورزی پر سخت ایکشن ہوگا۔ میاں اسلم اقبال نے زور دیتے ہوئے کہا کہ تاجر مارکیٹوں کی دوروزہ بندش کے دوران مارکیٹوں میں سپرے اور صفائی کا اہتمام بھی کرائیں۔ لوگ مثبت رویے اپنائیں تو لاک ڈاؤن کی مشکل صورتحال سے بچا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں عوام کو حکومت کے ساتھ کھڑے ہو نا ہے۔
عوام کرونا کیخلاف حکومتی فیصلوں میں تعاون کریں:میاں اسلم اقبال
Jun 08, 2020