مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کیلئے برطانوی ویورپی پارلیمان میں کانفرنسز‘ تقریبات کا شیڈول جاری

بریڈ فورڈ (عارف پندھیر) جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کا مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے کانفرنسز کے انعقاد کا فیصلہ۔ جون میں یوتھ پارلیمنٹیرینز کانفرنس، انٹرنیشنل خواتین کانفرنس اور 13جولائی یوم شہداء کشمیرپر یورپی پارلیمنٹ میں کانفرنسز کرنے کا اعلان کر دیا۔ تحریک حق خود ارادیت نے مستقبل کی سرگرمیوں کا شیڈول جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 18جون کو برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ کے اشتراک سے انٹرنیشنل یوتھ پارلیمنٹیرینزکانفرنس منعقد کی جائے گی۔ جون کے اختتام پر لیبر پارٹی کی نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی کی رکن و تحریک حق خود ارادیت برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار انٹر نیشنل وومن کانفرنس کا انعقاد کریں گی۔ 13جولائی یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر یورپین پارلیمنٹ میں فرینڈز آف کشمیر کے تعاون سے انٹرنیشنل پارلیمنٹری کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ اسی اثناء میں جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت کا وفد امریکہ اور جنیوا میں اقوام متحدہ کے اجلاسوں میں لابی مہم کے لئے بھی شریک ہو گا۔ جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت کے چیئرمین و معروف کشمیری رہنما راجہ نجابت حسین نے تحریک حق خود ارادیت کی آمدہ سرگرمیوں کا شیڈول جاری کرتے ہوئے بتایا کہ آمدہ ماہ جون اور جولائی میں کشمیر کی تازہ صورتحال اور بھارت کی جانب سے مسلسل مذموم ہتھکنڈوں کے استعمال، کشمیریوں کو ٹارگٹ کرنے، کالے قوانین کے نفاذ اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے لئے جو اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ان کے خلاف بین الاقوامی سطح پر بھرپور مہم کی ضرورت ہے۔

ای پیپر دی نیشن