لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عباس کا کہنا ہے کہ گیند کو چمکائے بغیر بولر ادھورا رہ جائے گا، آئی سی سی گیند کو چمکانے کا متبادل آپشن ضرورے دے گی۔کووڈ-19 کی وجہ سے اب جب کھیلوں کی سرگرمیاں شروع ہو رہی ہیں لیکن کھلاڑیوں کو احتیاطی تدابیر کے مطابق خود کو ڈھالنا پڑ رہا ہے، فاسٹ بولر محمد عباس سمجھتے ہیں کہ اب جب کھیل شروع ہو گا تو کرکٹ تبدیل ہو چکی ہو گی۔ محمد عباس 18 ٹیسٹ اور 3 ایک روزہ میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں اور انھوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 75 وکٹیں حاصل کی ہو ئی ہیں۔ان کا ماننا ہے کہ اتنے لمبے عرصے کے بعد جب کرکٹ کھیلیں گے تو یہ آسان نہیں ہو گا، مشکل ہو گی اور ہمیں بہت خیال رکھنے کی ضرورت ہو گی۔ان کا کہنا ہے کہ فٹنس کے علاوہ احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بھی محتاط ہونا پڑے گا، بال کو تھوک سے چمکانے کی پابندی ہو گی، اس کا خیال رکھنا ہو گا۔قومی ٹیم کے بولر کا کہنا تھا کہ جب تھوک سے گیند کو چمکانے کی پابندی ہو گی تو میں سمجھتا ہوں کہ آئی سی سی ضرور اس کا کوئی متبادل آپشن دے گی اور اس کا حل نکالے گی کیونکہ گیند کو چمکائے بغیر تو بولر ادھورا رہ جائے گا۔ محمد عباس نے کہا کہ گیند کو چمکانے کی بہت عادت ہو چکی ہے، خود کو بار بار یاد کرانا ہو گا کہ تھوک سے گیند کو نہیں چمکانا، میں نے ابھی ردہم کے لیے دو تین بولنگ سیشن کیے ہیں اور میں اکثر بھول جاتا تھا لیکن مجھے امید ہے آئی سی سی اس کا حل نکالے گی۔ فاسٹ بولر محمد عباس نے کہا کہ بولرز اپنے روایتی انداز میں وکٹ لے کر خوشی مناتے ہیں، آپس میں ملتے ہیں، اس کا خیال رکھنا ہو گا، احتیاطی تدابیر کی وجہ سے اب بالکل مختلف کرکٹ ہو گی۔محمد عباس نے دو سیزن کے لیے انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں لیسٹر شائر کی نمائندگی کی۔
بال چمکائے بغیر بائولر ادھورا، آئی سی سی متبادل آپشن دے : محمد عباس
Jun 08, 2020