نئی دہلی (این این آئی )بھارت رواں ماہ دو سال کی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) کے غیر مستقل رکن کے طور پر منتخب ہوجائے گا جس کے بعد توقع ہے کہ اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کی وکالت کرنا زیادہ مشکل ہوجائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک سفارتی ذرائع نے بتایا کہ 17 جون کو جنرل اسمبلی سلامتی کونسل میں دو سال مدت کے لیے 5 ریاستوں کا انتخاب کرنے والی ہے اور اس سال یہ انتخابات کرونا وائرس کی وجہ سے ایک الگ طریقہ کار کے ذریعے ہوں گے۔عام طور پر انتخابات جنرل اسمبلی ہال میں خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوتا ہے تاہم اس بار یہ متعدد مقامات پر ہوسکتے ہیں جس کے بارے میں پیر کو تفصیلات جاری کی جائیں گی۔ممبر ممالک بڑے اجتماعات پر پابندی کی وجہ سے مقررہ ٹائم سلاٹوں کے دوران اور کسی مخصوص مقام پر اپنا ووٹ ڈالیں گے۔یو این ایس سی میں غیر مستقل اراکین کی 10 نشستوں کو علاقائی گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں افریقی گروپ، ایشیا پیسیفک گروپ، لاطینی امریکی اور کیریبین گروپ، مغربی یورپی اور دیگر گروپ شامل ہیں۔بھارت اس نشست کے لیے ایشیاء پیسیفک گروپ سے حصہ لے رہا ہے جسے انڈونیشیا نے خالی کیا ہے۔
بھارت 17 جون کو سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن بن جائے گا
Jun 08, 2020