سپریم کورٹ کے جج جسٹس امین الدین‘ جے پرکاش‘ شرجیل میمن‘ ممبر پنجاب اسمبلی سیف الملوک کھوکھر کے ٹیسٹ پازیٹو

Jun 08, 2020

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ کے جج جسٹس امین الدین خان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ کرونا وائرس نے سپریم کورٹ کو بھی لپیٹ میں لے لیا، سپریم کورٹ کے جج جسٹس امین الدین خان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا ہے۔ جسٹس امین الدین خان بینچ نمبر ٹو کا حصہ تھے۔ دوسری جانب سپریم کورٹ کے ملازم ظفر اقبال کا بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اور وہ بھی قرنطینہ ہوگئے جب کہ سپریم کورٹ ڈسپنسری کے ڈاکٹر یاسر خان بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے ایم این اے جے پرکاش ‘ پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی شرجیل میمن کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا، انہوں نے رپورٹ آنے کے بعد خود کر قرنطینہ کر لیا ہے۔ شرجیل میمن کرونا سے متعلق حیدر آباد میں سندھ حکومت کے فوکل پرسن ہیں۔ شرجیل میمن دو روز قبل تک سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شریک رہے ہیں۔ اسمبلی اجلاس سے قبل شرجیل میمن کا کرونا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔ اجلاس کے بعد شرجیل میمن کا دوبارہ کرونا ٹیسٹ ہوا جس کا نتیجہ مثبت آیا۔ اجلاس کے دوران بیشتر اراکین کا کرونا ٹیسٹ کا نتیجہ نہیں آیا تھا۔ اس سے قبل ایم کیو ایم کی رکن شاہانہ اشعر کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔ مسلم لیگ (ن) کے پنجاب میں ممبر صوبائی اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر اور ان کے صاحبزادے ملک فیصل یوسف کووڈ 19 کے مریض میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ ایم پی اے ملک سیف الملوک کھوکھر اور ان کے بیٹے نے مرض کی تشخیص کے بعد خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

مزیدخبریں