لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پنجاب اسمبلی کے نئے ایوان میں دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اس اسمبلی میں بیٹھنے والوں سے اپنے دین اور اپنی مخلوق کیلئے ایسے قوانین بنوائے جن سے عام آدمی کی زندگی میں آسانیاں پیدا ہوں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے آج پنجاب اسمبلی میں ملاقات کی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ سپیکر اسد قیصر کی دعا سے آج ایوان کا آغاز ہو گیا ہے۔ پرویز الٰہی نے سپیکر قومی اسمبلی کو پنجاب اسمبلی میں ہونیوالی قانون سازی سے آگاہ کیا۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ پارلیمانی سسٹم اور جمہوریت کے استحکام کیلئے اسمبلیوں کے مابین وفود کا تبادلہ بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کی مضبوطی ملکی ترقی کیلئے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے ویژن کی تعریف کی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آپ کی وزارتِ اعلیٰ کا دور مثالی دور تھا۔ اسد قیصر نے ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ریسکیو 1122 بلاامتیاز عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ سپیکر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقہ کے معیار زندگی کو بلند کرنا ہمارا مشن ہے۔ پرویز الٰہی نے اسد قیصر کو پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ اور ایوان کا دورہ بھی کروایا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ اور ایوان کی خوبصورتی کو سراہا۔ اس موقع پر سینیٹر ایوب آفریدی، ارکان قومی اسمبلی جنید اکبر، فیض اللہ کموکا، صوبائی وزیر چودھری ظہیرالدین اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔