لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے میں 5روزہ انسداد پولیو مہم 11جون تک جاری رہے گی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور حکومتی اقدامات کے باعث رواں برس کوئی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ ہم نے اپنے بچوں کو پولیو سے پاک معاشرہ دینا ہے۔ عثمان بزدار نے انسداد پولیو مہم کے آغاز پیغام میں کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ قوم کے نو نہالوں کے مستقبل کی جنگ ہے اور اس جنگ کو جیتنے کے لئے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا بھر پور کردارادا کرنا ہوگا۔ عثمان بزدارنے کہاہے کہ اپوزیشن کی جانب سے کرونا کے قومی چیلنج کی طرح ڈہرکی ٹرین حادثے پر سیاست چمکانا افسوسناک ہے۔ سانحہ ڈہرکی پر سیاست کرنے والے عناصر کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ اپوزیشن عناصر کو جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کرنا چاہیے تھی لیکن یہ بے رحم ٹولہ غمزدہ خاندانوں کا دکھ بانٹنے کی بجائے پوائنٹ سکورنگ کرتا رہا۔ اپوزیشن عناصر کے سینے میں دل نہیں بلکہ اقتدار کی ہوس کے ڈیرے ہیں۔ قوم جان چکی ہے کہ یہ سنگدل اور بے حس لوگوں کا ٹولہ ہے، جنہیں انسانی زندگیوں کی کوئی پروا نہیں اوران لوگوں میں دکھی انسانیت کا رتی بھر بھی درد نہیں۔ ٹرین حادثے پر سیاست کرنا اپوزیشن عناصر کے گھٹیا ذہن کی عکاس ہے۔ عمان بزدار کی ہدایت پر شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال صادق آباد میں ایمرجنسی انفارمیشن ڈیسک بنا دیئے گئے ہیں۔ عثمان بزدار نے کمشنر بہاولپور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان کو فون کر کے ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معاجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار افسروں کو سرکاری فرائض کی ادائیگی میں مکمل آزادی دی ہے اور صوبے میں افسروں کی تقرریاں میرٹ پر کی گئی ہیں۔ میرٹ پر افسر تعینات کر کے اقر باء پروری اور سفارش کلچر کا خاتمہ کیا ہے۔ سرکاری امور کی انجام دہی میں افسروں پر کسی قسم کا دباؤ نہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت کے دور میں افسران کو کام کرنے کی جتنی آزادی دی ہے۔ اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ ہمارے دور میں افسروں پر کوئی سیاسی دباؤ ہے نہ محکموں میں سیاسی مداخلت سابق حکمرانوں نے ذاتی پسند و ناپسند پر افسران کو تضحیک کا نشانہ بنا کر غلط کلچر کو پروان چڑھایا۔ عثمان بزدار نے گرین ٹاؤن میں نجی سکول کی دیوار گرنے سے طالبہ کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری سکولز ایجوکیشن اور کمشنر لاہور ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
ٹرین حادثے پر سیاست ، اپوزیشن کے سینے میں دل نہیں اقتدار کی ہوس ہے: عثمان بزدار
Jun 08, 2021