اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + صباح نیوز) ملک بھر میں کروناوائرس سے مزید 58مریض انتقال کر گئے، ہلاکتیں21323 تک پہنچ گئیں ، 1490 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ مثبت کیسز کی شرح3.02 فیصد تک پہنچ گئی ۔این سی او سی کے مطابق ویکسین کی 2 لاکھ 48 ہزار 861 خوراکیں لگائی گئیں، تعداد 92 لاکھ6 ہزار842 ہو چکی ہیں۔ کیسز 9 لاکھ 33ہزار630 تک پہنچ گئے،8 لاکھ64ہزار931مریض مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں۔ ملک بھر میں کرونا کیسز کی کمی کے بعد لاک ڈاون میں نرمی کردی گئی ہے، اور این سی او سی کے فیصلوں کی روشنی میں ملک کے تمام تعلیمی ادارے کھول دیئے گئے ہیں، کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، طویل عرصے کے بعد سکولز کھلنے سے والدین بھی خوش ہوگئے ہیں۔ سکولوں میں سخت ترین ایس او پی پر عمل کیا جارہا ہے، طلبہ کے لئے ماسک، ہینڈ سینی ٹائزر کی پابندی اور سوشل ڈسٹنس پر بھی عملدرآمد ہوگا، طلبا کے بغل گیر ہونے، مصافحہ، معانقہ اور ہاتھ ملانے کا منع کیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ حکومت سندھ نے نیا حکم نامہ جاری کردیا، جمعہ اور اتوار کو کاروبار بند رہے گا۔ نوٹیفکیشن میں شادی ہالز، پارکس، امیوزمنٹ پارکس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بیکریاں اور دودھ کی دکانیں رات 12 بجے تک کھلی رہیں گی، نمائش کے لیے ایکسپو ہالز پرپابندی برقرار رہے گی۔ دنیا بھر میں ہلاکتیں 3744029 ہو گئیں، کیسز 17 کروڑ 40 لاکھ 52 ہزار سے تجاوز کر گئے۔