ایمزون کے آنے سے ایس ایم ایز کو نیامیدان میسرآئیگا:چیف ایگزیکٹو سمیڈا

لاہور(کامرس رپورٹر)ایمیزون پر پاکستان کی باقاعدہ شمولیت سے ملک میں10لاکھ ملازمتیں اور ایک ارب ڈالر تک کی برآمدات بڑھائی جا سکتی ہیں اور اس ہدف کو پورا کرنے کیلئے وزارت صنعت وپیداوار کا ادارہ سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ’’سمیڈا‘‘ میدان میں اتر آیا ہے۔ اس سلسلے میں سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہاشم رضا نے ایک بیان میں کہا کہ وزار ت تجارت اور پرائیویٹ سیکٹر کی کوششوں سے پاکستان کو ایمیزون پر تجارت کی جو منظوری ملی ہے اس سے ایس ایم ای سیکٹر کو نئے مواقع سے بھرپور ایک نیا میدان میسر آ گیا ہے جس سے پوری طرح استفادہ کیلئے سمیڈا نے ایس ایم ایز کو تیار کرنے کیلئے ایک جامع پروگرام تشکیل دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پر عزم ہیں کہ پاکستان نے ایمیزون پر اپنے پراڈکٹس بیچنے کی جو اجازت حاصل کی ہے اس میں ایس ایم ایز کی بھرپور شرکت کو ممکن بنا کر ہم اپنی برآمدات میں ایک ارب ڈالر تک کااضافہ کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایسا تبھی ممکن ہو سکے گا اگر ایس ایم ایز کو ایمیزون کے طریق کار،انکی شرائط اور معیارات کے بارے میں پوری طرح آگاہی حاصل ہو۔ ہاشم رضا نے کہا کہ سمیڈا نے ایمیزوں کے تقاضو ں کے مطابق مصنوعات کی کوآلٹی اور پیکیجنگ کے مطلوبہ معیار کے بارے میں آگاہی کیلئے تربیتی پروگراموں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے  اور اس سلسلے کا  پہلا ٹریننگ  پروگرام 14/ جون کو ایک ویبنار کے طور پر منعقد کیا جا رہا ہے جس میں شرکت کی کال پر ایک ہی روز میں 600سے زائد  ایس ایم ایز نے درخواست دے دی ہے۔

ای پیپر دی نیشن