کراچی (کامرس رپورٹر)گزشتہ روز سلک بینک نے یہ اعلان کیا کہ وہ گلوبل کلائوڈکمیونیکیشنزپروائیڈرInfobip کے اشتراک سے اپنے صارفین کو واٹس ایپ بینکنگ کی سہولت کی جلد فراہمی کا آغاز کرے گا۔یہ فیصلہ سلک بینک کی جانب سے اپنے صارفین کوبینکاری کی جدید سہولتوں کی فراہمی میں مزید اضافے کے عزم کا عکاس ہے۔اس حوالے سے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں دونوں اداروں کی اعلیٰ انتظامیہ نے شرکت کی ۔اس موقع پر سلک بینک کے ہیڈ آف ڈیجیٹل بینکنگ، اِنوویشن اینڈ ایمپلائی بینکنگ ، محمد حسن طارق نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "سلک بینک نے ہمیشہ سے ہی اپنے کسٹمرز کو جدید بینکنگ پراڈکٹس اور اعلیٰ ترین کسٹمر سروس کی فراہمی پر توجہ مرکوز رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ سلک بینک ایک واضح ڈیجیٹل ایجنڈے کا حامل ہے اور اس اقدام سے نہ صرف ڈیجیٹل طور پر بینک کی موجودگی اور پہنچ میںاضافہ ہوگا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ بینک اپنے صارفین کو سیکیورٹی پروٹوکول فراہم کرتے ہوئے،ان کی بینکاری کی تمام ضروریات کی 24/7 ہر جگہ تکمیل کو یقینی بناکرانہیں بینکنگ سروسز کی ایک وسیع رینج کی پیشکش بھی کرے گا۔انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ سلک بینک کا واٹس ایپ بینکنگ سلوشن،بینکاری کی صنعت میں دیگر بینکوں کی جانب سے پیش کی جانے والی واٹس ایپ بینکنگ کی سہولیات کے مقابلے میں اپنی منفرد خصوصیات اور اضافی سروسز کی وجہ سے کسٹمرزکے لیے زیادہ اہمیت کا حامل ہے "۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے Infobip کے ریجنل سیلز منیجر ، صفدر مرچنٹ نے کہا کہ "واٹس ایپ جیسی وسیع پیمانے پراستعمال کی جانے والی چیٹ ایپ کے ذریعے سلک بینک کی خودکارنظام(آٹومیشن) کی جانب پیش قدمی اور منتقلی کے اس سفر میں سلک بینک کے ساتھ Infobip کی شراکت داری پر ہمیں بے حد خوشی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بینکوں کی جانب سے اپنے صارفین سے محفوظ اور مصدقہ طریقے سے بات چیت کرنے کے ذرائع کا انتخاب کرنا،بینکاری کے شعبے میں ہونے والی انتہائی مثبت پیش رفت ہے"۔