ٹنڈوالہیار(نامہ نگار) سینیئر ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن گورنمینٹ کالج ٹنڈو محمد خان سندھ اصغرعلی حیدری سرکاری ملازمت سے سبکدوش ہوگئے۔وہ مئی 2009 سے گریڈ 18 میں مذکورہ کالج میں ہی تعینات تھے اور عرصہ 7 سالوں سے گریڈ 19 میں ترقی پانے کی آس میں تھے تاہم 60 سال عمر ہونے پر ریٹائرڈ ہوگئے۔انکی کالج کے اسٹاف کی جانب سے الوداعی تقریب کے بعد دوستوں اور ساتھیوں نے پذیرائی کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔اس حوالے سے ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن گورنمینٹ کالج نصرپور ساجد لطیف خانزادہ کے زیر اہتمام ٹنڈوالہیار میں انکے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سینیئر ڈائریکٹرز فزیکل محمد شریف خانزادہ، پرویز احمد شیخ، عبدالجبار انصاری، خرم رفیع صدیقی، محمد اقبال قریشی، صابر قائمخانی اور احمد نواز نے شرکت کی۔اس موقع پر انہیں سرکاری ملازمت سے سبکدوشی پر مبارکباد دی گئی اور پھولوں کے تحائف پیش کیئے گئے۔اس موقع پر اصغر علی نے میزبان ساجد لطیف خانزادہ سمیت تمام ساتھیوں کا تقریب کے انعقاد پر انکا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اپنے کالج کے پرنسپل، ڈائریکٹرز فزیکل ایجوکیشن سمیت تمام اسٹاف ممبران کا الوداعی تقریب کے انعقاد پر انکا شکریہ ادا کیا۔