دنیا کا امیر ترین شخص جیف بیزوس خلا کے سفر کو تیار

 دنیا کے بعد خلا کو جیتنے کا ارداہ، دنیا کے امیر ترین شخص اور ایمازون کے مالک جیف بیزوس نے اپنی کمپنی کی خلا تک پہلی انسانی فلائٹ میں سفر کرنے کا اعلان کردیا۔ جیف بیزوس کا کہنا ہے کہ خلا میں جانے کا خواب انہوں نے پانچ سال کی عمر میں دیکھا اور اب وہ اپنے بھائی کے ہمراہ اس کی تعبیر دیکھنے 20 جولائی کو اپنے سفر کا آغاز کریں گے۔ جس کا اعلان انہوں نے انسٹاگرام پر ویڈیو پوسٹ کر کے کیا۔ جیف بیزوس ہی ایرواسپیس کمپنی بلیواوریجن کے مالک ہیں اوران کی یہ پروازایمازون کی ذمہ داروں سے سبکدوش ہونے کے 2 ہفتوں بعد اڑان بھرے گی۔ بلیواوریجن کی جانب سے خلا کی سیاحت کیلئے ڈیزائن کردہ کیپسول میں 6 افراد کے سفر کی گنجائش موجود ہے، جبکہ اس کی کامیاب آزمائش پرواز کی ٹیسٹنگ رواں سال اپریل میں ہوئی تھی۔ جیف بیزوس کے ساتھ خلا میں کون ان کا ساتھ بنے گا؟ اس کے لیے نیلامی کا سلسلہ جاری ہے۔ نیلامی میں سیٹ کی بولی انچاس کروڑ چوالیس لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جبکہ پہلی انسانی فلائٹ میں سفر کرنے والا کا حتمی اعلان 12 جون کو ہوگا۔ بلیو اوریجن نے پچھلے کچھ سالوں میں اپنے راکٹ اور عملے کے کیپسول کو 15 ٹیسٹ پروازوں کی سیریز سے تجرباتی مراحل سے گزارا ہے تاکہ لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ جیف بیزوس کی کمپنی بلیواوریجن اورایلون مسک کے اسپیس ایکس میں سخت مقابلہ ہے۔ ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے ناسا کے ساتھ چاند پر لینڈ کرنے کے لئے خلائی جہاز بنانے کا چار کھرب تینتالیس ارب سے زائد کا معاہدہ بھی حاصل کر لیا ہے۔ ناسا کے ساتھ معاہدہ کرنے میں جیف بیزوس بھی سر فہرست تھے، لیکن ایلون مسک نے دنیا کے امیر ترین شخص جیف بزوس کوخلا کے اس کھیل میں شکست دے دی تھی۔

ای پیپر دی نیشن