بنکوں کی نااہلی سے رہ جانے والے عازمین کو حج پر بھجوائیں گے: وزارت مذہبی امور

اسلام آباد‘ مکہ مکرمہ (نامہ نگار+ ممتاز احمد بڈانی) وفاقی وزیر مذہبی امور  مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ نا اہلی کے باعث رہ جانے والے عازمین کا اضافی خرچہ بینک خود برداشت کریں گے اور انہیں حج پر بھجوائیں گے۔ متاثرین کا احتجاج حق بجانب ہے، بینکوں نے غیر ذمہ دارانہ کام کیا ہے اور اپنی غلطی مانی ہے، بینکوں میں آن لائن نظام خراب ہوا لیکن انہوں نے لوگوں سے پیسے وصول کیے۔ مفتی عبدالشکور کا کہنا ہے کہ آج تمام بینک والوں کو بلایا تھا، سٹیٹ بینک سے بھی رابطے میں ہیں، سرکاری کوٹا نہیں ہے لیکن انہیں پرائیویٹ کوٹے پر بھیجنے کی کوشش کریں گے، دوسری جانب متاثرہ افراد نے اسلام آباد کے کوہسار بلاک میں احتجاج کیا، ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کامیابی کا پیغام ملنے پر بینکوں میں اپنے واجبات جمع کرائے۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمینِ حج کی سعودی عرب آمد جاری ہے، 6 جون کو 23 سو عازمینِ حج مدینہ منورہ پہنچ گئے  جن کا استقبال سفیر پاکستان قونصلر جنرل جدہ خالد مجید پریس قونصلر حمزہ گیلانی نے کیا ۔ پروازوں کے ذریعے 16 سو سے زائد عازمینِ حج  سعودی عرب پہنچیں گے۔ اسلام آباد سے 3 جبکہ ملتان اور کوئٹہ سے ایک ایک حج پرواز سعودی عرب پہنچے گی۔ شعبہ مکہ روانگی، ہیلپ لائن، مانیٹرنگ، شکایات سیل، حرم گائڈز اور  شعبہ گمشدگی و بازیابی قائم  کر دیئے گئے۔ وزارت مذہبی امور نے پاکستانی عازمینِ حج کیلئے ادویات کی بڑی کھیپ سعودی عرب پہنچا دی۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں  ہسپتال قائم کر دیئے۔ رہائشی سیکٹرز اور سعودی ایئرپورٹس پر ڈسپنسریاں  بھی فعال کر دی گئیں۔ سعودی ہدایات کے مطابق ہر عمر کے (بچوں سمیت) عازمینِ حج کیلئے  کرونا ویکسین لازمی  قرار دے دی گئی۔ سعودی منظور شدہ کرونا ویکسین کی مکمل ڈوز کے بغیر سعودی عرب  میں داخلہ منع  ہو گا۔ تمام عازمینِ حج  روانگی سے قبل سعودی منظور شدہ ویکسین کا سرٹیفکیٹ  اپنے ہمراہ رکھیں۔ منظور شدہ ویکسین کا ثبوت نہ ہونے کی صورت میں جہاز سے آف لوڈ کر دیا جائے گا۔
وزیر مذہبی امور

ای پیپر دی نیشن