اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) سکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع حسن خیل کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں2 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔دریں اثناء آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے نوشکی کے قریب پروڈ پہاڑوں کے علاقے میں دہشت گردوں کے ایک گروپ کی موجودگی کی اطلاع پر ان کی گرفتاری کے لئے آپریشن کیا۔ جب فوجیوں نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کیا تو دہشت گردوں نے اپنے ٹھکانے سے فرار ہونے کی کوشش کی اور سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے تبادلے میں بی آر اے سے تعلق رکھنے والے 2 دہشت گرد ندیم اور شہزاد عالم مارے گئے۔ یہ دہشت گرد خاران اور گردونواح میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر آئی ای ڈی نصب کرنے کے علاوہ حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں ملوث تھے۔ ان دہشتگردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے جو دہشت گردوں کی جانب سے علاقے میں امن و امان کو خراب کرنے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔