لاتعداد مسائل کے ساتھ حکومت ملی، جلد بہتری آئے گی: بلیغ الرحمن


لاہور (نیوزرپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے بہاولپور سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے ظہیر اقبال چنڑ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفد نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد کے شرکا نے گورنر پنجاب کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا ویژن ہے کہ ہم نے آنیوالی نسلوں کو ایک ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم پر فوکس ہمیشہ سے مسلم لیگ(ن)کی حکومت کی ترجیح رہی ہے۔ انہوں نے کہا رواں بجٹ میں ہائر ایجوکیشن کے فنڈز میں اضافے کا اعلان حکومت کا احسن اقدام ہے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ اکیڈیمیہ اور انڈسٹری کے درمیان روابط مضبوط ہوں اوراس حوالے سے میں نے جامعات کے وائس چانسلرز کو ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔ موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری سمیت دیگر عوامی مسائل میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ4 سال پہلے جب حکومت پاکستان مسلم لیگ(ن)سے لی گئی تھی تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن تھا لیکن آج ہمیں بہت سارے مسائل کے ساتھ واپس ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشا اللہ موجودہ حکومت کی شب و روز محنت کی وجہ سے بہت جلد تمام شعبوں میں پھر سے بہتری آنا شروع ہو جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن