کاہنہ، نشترکالونی اور گکھڑ منڈی میں پولیس مقابلے، 3 ڈاکو ہلاک، ایک زخمی، 6 فرار


کاہنہ+ گکھڑمنڈی(نامہ نگاران)کاہنہ اور نشترکالونی میں دو مبینہ پولیس مقابلوں میں ایک ڈاکو ہلاک ،ایک زخمی حالت میں گرفتار اور چار فرار ہوگئے جبکہ گکھڑ منڈی کے نواحی گاؤں کھیوے والی کے دو حقیقی بھائی اور دونامعلوم سنگین وارداتوں میں مطلوب مفرور اشتہاری ملزموں کا پولیس سے مقابلہ ہو گیا جس میں دو ملزم ہلاک ہو گئے جبکہ دو فرار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سی آئی اے ماڈل ٹاؤن پولیس کو ڈکیتی قتل کی وارداتوں میں ملوث ملزم مدثر کو کاہنہ کے علاقہ ہدایت موڑ کے قریب واقع حویلی میں برآمدگی اور دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے لے کر گئی تو اس کے ساتھیوںنے ملزم مدثر کوحراست سے چھڑوانے کی خاطر پولیس پر سیدھی فائرنگ کر دی جس پر پولیس  نے زمین پر لیٹ کر اپنی جانیں بچائی ساتھیوں کی فائرنگ سے ملزم مدثر زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ ہلاک ہو گیا۔ دوسرے پولیس مقابلے میں دو مسلح ڈاکو آشیانہ روڈ پر ناکہ لگا کر لوٹ مار کر کے شہری سے موٹرسائیکل چھین کر فرار ہوگئے پولیس نے اطلاع پر ڈاکوؤں کا تعاقب کیا تو نشتر کالونی کے علاقہ اعظم چوک کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان آمنا سامنا ہوگیاڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی ڈاکوفائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو رہے تھے کہ ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی ڈاکو کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا جسے پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کر کے ہسپتال منتقل کر دیا گرفتار ہونے والا ڈاکو کی شناخت اقبال کے نام سے ہوئی جو ڈکیتی قتل سمیت مختلف وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ علاوہ ازیں پولیس تھانہ احمد نگر معمول کے گشت پر علی پور روڈ مسجد سٹاپ کھڑی تھی کہ بذریعہ وائرلیس 15 اطلاع ملی جبکہ دوسری پولیس پارٹی کھٹوڑ موڑ موجود تھی پولیس پر فائرنگ کی اطلاع پاکر وہ جانب وقوعہ پہنچے اور ایک زیر تعمیر مکان حاجی بشارت چیمہ کے قریب کھڑے تھے کہ اسی اثنا میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار نا معلوم افراد نے پولیس پرفائرنگ کردی پولیس نے جوابی فائرنگ کی جس پر چاروں ملزم موٹر سائیکلوں پر سوار کچے راستے سے بھاگے پولیس نے تعاقب کر کے موٹر سائیکلوں سمیت ایک عدد پستول جبکہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک شدگان جنکی شناخت عدنان، فیضان پسران مشتاق اقوام چیمہ ساکنان کھیوے والی کی گئی ہے کو حراست میں لے لیا اور مزید پولیس نفری کے پہنچنے پر فرار ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

ای پیپر دی نیشن