ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر اوپن مارکیٹ میں 2روپے مہنگا قیمت 203

Jun 08, 2022


کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان میں امریکی ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی اور تیل سے متعلق ادائیگیوں کے سبب امریکی ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپیہ تنزلی کا شکار ہے جس کی وجہ سے انٹر بینک میں امریکی ڈالر 202روپے کی سطح عبور کر چکا ہے۔ جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح 203 روپے پر پہنچ گیا۔ آئندہ دنوں میں ڈالر کی اڑان مزید بلند ہونے کا امکان ظاہر کیا جار ہا ہے۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق آئندہ ہفتے ہونے والے مالیاتی ٹاسک فورس کے اجلاس کے پیش نظر اور روپے کی قدر میں کمی کو تیل کی ادائیگیوں کی وجہ سے ایک بار پھر روپیہ گراوٹ کا شکار ہے۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق منگل کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 1.50روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 200.40 روپے سے بڑھ کر 202 روپے اور قیمت فروخت 200.80 روپے سے بڑھ کر 202.30 روپے ہو گئی۔ اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں2 روپے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 200روپے سے بڑھ کر202روپے اور قیمت فروخت201 روپے سے بڑھ کر203روپے کی بلند سطح پر جا پہنچی۔
ڈالر

مزیدخبریں