اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) کمانڈر قطر امیر ی ایئرفورس میجر جنرل (پائلٹ)جاسم محمد احمد المنائی نے سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمدامجد خان نیازی سے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر نیول چیف نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دو طرفہ دفاعی تعاون اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے پاکستان اور قطری امیری آرمڈ فورسز کے مابین مضبوط دفاعی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ معزز مہمان نے خطے کے مشترکہ بحری تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے تعاون، کوششوں اور عزم کی تعریف کی۔ دونوں سربراہان نے مختلف دفاعی شعبوں میں پہلے سے موجود دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ کمانڈر قطر امیر ی ایئرفورس کے دورے سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔