اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) اقوامِ متحدہ کا عالمی یومِ بحر ہر سال 8 جون کو منایا جاتا ہے۔ چونکہ سمندر ہماری روزمرہ زندگی میں ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں لہذا سمندری وسائل کا پائیدار استعمال اور ان کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔ خصوصازمین پر ہونے والی انسانی سرگرمیوں کا سمندروں اور ان میں پائے جانے والے جانداروں کی زندگی پر براہِ راست اثر ہوتا ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق عالمی یومِ بحر کا مقصد عوام الناس میں سمندروں اور ان میں پائے جانے والے جاندار اور بے جان ذخائر کی حفاظت سے متعلق آگہی پیدا کرنا ہے تاکہ پائیدار سماجی ومعاشی ترقی کی راہ ہموار کی جاسکے۔ یہ دن ہمیں ایک موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں سمندروں کو درپیش چیلنجز پر توجہ مرکوز کریں۔ عالمی یومِ بحر 2022 کے لیے اقوامِ متحدہ نے ’’حیات نو: سمندروں کے لئے مشترکہ کاوش‘‘ کا موضوع منتخب کیا ہے۔ یہ ایک موقع ہے کہ سمندروں اور ان میں موجود ذخائر کی حفاظت اور حیات نو کے لیے مل کر کام کرنے والے گروہوں، خیالات اور حل کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے، ہمارے سمندروں کی حفاظت کے لئے جن امور پر کام کرنے کی ضرورت ہے وہ ماحولیاتی نظام، حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف مزاحمت کو موثر کرنا ہیں، ہمیں ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ سمندروں کے ساتھ ایک نیا توازن پیدا کیا جا سکے جس سے سمندروں کے ذخائر میں کمی نہ آئے بلکہ ان کے تنوع میں اضافہ ہو اور ان کو ایک نئی زندگی فراہم کی جا سکے۔ عالمی یومِ بحر کے موقع پر، ہم آلودگی، ماحولیاتی تبدیلیوں اور سمندری حیات کی بقا کو لاحق خطرات جیسے چیلنجز کو تسلیم کرتے ہیں جو کہ ہمارے سمندروں کی سالمیت کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، جیسے جیسے سمندروں کو لاحق خطرات بڑھتے جارہے ہیں ویسے ہی ان سے نبردآزما ہونے کے لیے منفرد حل کی ضرورت بھی بڑھ رہی ہے، ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ان بیش بہا سمندری ذخائر کو محفوظ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
عالمی یومِ بحر آج ،سمندری وسائل کا پائیدار استعمال، حفاظت ترجیح: پاک بحریہ
Jun 08, 2022