کراچی (نیوز رپورٹر) چیئرمین پاک سرزمین مصطفی کمال نے کہا ہے کہ اگر کراچی میں ایم کیوایم کا ایڈمنسٹریٹر لگایا گیا تو پاک سرزمین پارٹی احتجاج کرنے کیلیے سڑکوں پر ہوگی۔ پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ این اے 240 میں ضمنی انتخاب 16 جون کے بجائے 19 جون کو منعقد کیا جائے۔انھوں نے خبردار کیا کہ اگر انتخابات میں لگنے والے ڈی آر اوز نے کوئی حرکت کی تو پھر خود ذمہ دار ہونگے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اورایم کیوایم مک مکا کرکے بلدیاتی انتخابات ملتوی کراناچاہتے ہیں۔پی ایس پی سربراہ کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم نے کراچی کی خدمت نہیں کی بلکہ یہ بدکرداراور بددیانت لوگوں کا گوشت کھاتے ہیں۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ ایم کیو ایم کے پاس موقع تھا لیکن انھوں نے اس کو کیش نہیں کروایا،اگر سات سیٹوں سے ملک میں انقلاب آرہا تھا توایم کیوایم کو چاہئے تھا کہ مہاجروں کی خدمت کرلیتے لیکن ایسا نہیں ہوا۔