راولپنڈی(جنرل رپورٹر) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی نائب صدر سینئر قانون دان سید مظہر علی شاہ ایڈووکیٹ نے عالمی اداروں پر زوردیا ہے کہ بھارت میں کشمیریوں کے قتل عام کا فوری نوٹس لیں ،ہندو بنیا ذہن نشین رکھے کہ بھارتی ظالمانہ کاروائیوں سے کشمیر کی تحریک آزادی کسی صورت دب نہیں سکتی،اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کا حل ہی خطے میں امن کی ضمانت ہے،نہتے کشمیریوں کی خونریزی سے مود ی کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے،عالمی برادری بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقو ق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے تاکہ جنوبی ایشیاء میں امن کیلئے راہ ہموار ہوسکے،اگر مسلمانوں کے اپنے ہاتھ مقدسات کی بے حرمتی سے آلودہ نہ ہوتے تو کسی غیر کو آئے دن توہین رسالت اور پاکیزہ ہستیوں کی شان میں گستاخی کی جرات نہ ہوتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو مختار آرگنائزیشن پاکستان کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیئرمین ایم او سید محمد عباس کاظمی نے مرکز تشیع کے اعلان کردہ عالمی ایام ضامن کے موقع اپنی تنظیم کی جانب سے پروگراموں کے انعقاد کی رپورٹ بھی پیش کی۔سید مظہر علی شاہ نے کہا کہ اس وقت پورا عالم اسلام استعمار کا نشانہ ہے ،مسلم ممالک میں صیہونی ایجنٹوں نے اپنے جال پھیلا رکھے ہیں ،مظلوم مسلمان ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں جبکہ حکمرانوں کو محض اپنے اقتدار کی فکر ہے۔انہوں نے یہ بات زوردیکر کہی کہ مسلم امہ کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔
مود ی کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے، سید مظہر علی شاہ
Jun 08, 2022