لاہور (نوائے وقت رپورٹ) متحدہ عرب امارات کے وزیرمملکت برائے خارجہ احمد علی الصایغ سے ابوظہبی میں افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے نے ملاقات کی اوران سے طالبان کی قیادت میں جنگ زدہ ملک میں انسانی بحران سے نمٹنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق احمد علی الصایغ اورتھامس ویسٹ نے افغانستان کے بحران پر متحدہ عرب امارات اور امریکا کے درمیان تعاون کے امکانات پربات چیت کی۔الصایغ نے افغانستان میں انسانی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات کی کوششوں کا ذکرکیا۔خاص طور پر صحت اور خوراک کے شعبوں میں اقدامات کے کے بارے میں ایلچی کو بتایا۔انہوں نے امدادی کوششوں کے حصے کے طور پرلڑکیوں کی تعلیم کویقینی بنانے کی اہمیت پربھی زور دیا۔امریکی ایلچی نے افغان عوام کی مدد کے لیے متحدہ عرب امارات کے تعاون کی تعریف کی اورافغانستان کے بہتر مستقبل اوراس کے عوام کے مصائب کو کم کرنے کے لیے عالمی برادری کی کوششوں کو تیزکرنے کی ضرورت پر زوردیا۔