پاک بحریہ سمندروں کے محفوظ استعمال کو فروغ دینے کیلئے سرگرم ہے:نیول چیف

Jun 08, 2022 | 12:43

ویب ڈیسک

کراچی: نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ پاک بحریہ سمندری وسائل کے محفوظ استعمال کے فروغ کیلئے سرگرمِ عمل ہے۔ امیر البحر نے سمندروں کو نقصان سے بچانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں منائے جانے والے سمندروں کے عالمی دن کے موقعے پر اپنے پیغام میں چیف آف دی نیول اسٹاف محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ سمندر انسان کی روزمرہ زندگی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔عالمی دن کے موقعے پر پیغام میں امیر البحر نے کہا کہ رواں برس عالمی دن کا موضوع سمندروں کیلئے مشترکہ کاوش حیاتِ نو رکھا گیا ہے جس کا مقصد عوام میں سمندر اور اس میں موجود ذخائر کے متعلق شعور و آگہی بیدار کرنا ہے۔امیر البحر نے کہا کہ آج عالمِ انسانیت کو سمندروں کیلئے بڑھتے ہوئے خدشات سے نمٹنے کیلئے جدید حل تلاش کرنے ہوں گے۔ ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ پاک بحریہ میں سمندروں کے عالمی دن پر مختلف سرگرمیاں منعقد کی جارہی ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان سمیت دُنیا بھر میں سمندروں کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے جس کا مقصد آبی آلودگی اور سمندری حیات کے تحفظ پر شعور اجاگر کرنا اور معدومیت کے خطرے سے دوچار تیرنے والے جانوروں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
ہر سال پاکستان سمیت دُنیا بھر میں سمندروں کے عالمی دن کے موقعے پرمختلف تقاریب، سیمینارز اور بحث مباحثوں کا اہتمام کیا جاتا ہے جن میں  سمندری حیات کے تحفظ اور آبی آلودگی کے خاتمے سمیت مختلف مسائل کا حل تجویز کیا جاتا ہے۔

مزیدخبریں