مارچ لاہور پہنچ گیا‘ لوڈشیڈنگ پر شوبازیاں کرنے والا کیمپ کیوں نہیں لگا رہا: سعد رضوی

Jun 08, 2023


لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک پاکستان کا ملک کے اندر حالیہ گستاخیوں، بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت اور پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچانے کے خلاف حافظ سعد حسین رضوی کی قیادت میں کراچی سے شروع ہونے والا پاکستان بچاو¿ مارچ سترہویں روز مانگا منڈی سے لاہور پہنچ گیا۔ لاہوریوں کی جانب سے مارچ کے شرکاءپر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے شاندار استقبال کیا گیا۔ مانگا منڈی میں روانگی سے قبل حافظ سعد حسین رضوی کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام نو سر باز سیاستدانوں کو مسترد کرے، وہ وقت دور نہیں تحریک لبیک کی حکومت کشمیریوں کا 75 سالہ غصب حق واپس دلوائے گی۔ وقت آچکا ہے کہ 75 سالہ گند کو کرین کے ذریعے اکھاڑ پھینکا جائے۔ وعدہ کرتے ہیں برسرِ اقتدار آئے توکشمیریوں کو دو لخت کرتی بارڈر کی لکیر لبیک والے مٹا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے شروع ہونے والا مارچ لاہور پہنچنے کو ہے مجال ہے کوئی ایک پتا بھی ٹوٹا ہو۔ جو کہتا تھا کہ میں زرداری کو لاڑکانہ اور نواب شاہ کی سڑ کوں پر گھسیٹوں گا وہ خود زرداری کا ساتھی بن گیا ہے، مینار پاکستان پر کراچی میں لوڈشیڈنگ پر کیمپ لگا کر شو بازیاں کرنے والا آج ملک بھر میں پاکستان اور عوام کی خاطر کیمپ کیوں نہیں لگا رہا۔ ہمیں سب پتہ ہے کہ یہ 13 چوروں اور ڈاکوو¿ں کا آپس میں گٹھ جوڑ ہے، سب اقتدار کی گیم ہے کسی کو ملک اور عوام کی فکر نہیں۔ حافظ سعد رضوی کا مزید کہنا تھا کہ ایک بھائی اقتدار انجوائے کررہا ہے اور دوسرا بھائی دوائی کے نام پر یورپ کی موج مستیاں کررہا ہے۔ پھول نگر سے نامہ نگار کے مطابق تحریک لبیک کا پاکستان بچا¶ مارچ پھول نگر پہنچا۔ رانا حشمت‘ قاری فیاض اور رانا دلشاد علی کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ سعد رضوی نے کہا کہ ہم امریکہ کے اشارے پر نہیں چلتے۔ ہم مدینے والے کے اشارے پر چلتے ہیں۔ مہنگائی نے غریبوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔

مزیدخبریں