پہلے لوگوں کو امیر کریں پھر ٹیکس لگائیں، میثاق معیشت کی ضرورت، سرمایہ کاری کی گارنٹی دیتا ہوں : زرداری 

Jun 08, 2023


لاہور(کامرس رپورٹر ، نامہ نگار) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پہلے لوگوں کو امیر کریں پھر ٹیکس لگائیں،میثاق معیشت کی ضرورت، سرمایہ کاری کی گارنٹی دیتا ہوں،میثاق جمہوریت اور میثاق معیشت کے تحت طویل المدتی پالیساں بنانے کی ضرورت ہے، چین نے پچاس سال کی منصوبہ بندی کی ،ہمیں بھی اس کی طرح مستقبل کی منصوبہ بندی کرنا ہو گی، معیشت پانچ دس سالوں کے لئے نہیں نسلوں کے لئے ہوتی ہے،گوادر 70سال سے یہاں تھا کسی کو نظر نہیں آیا ،ہم نے چین سے گوادر کا معاہدہ کیا ،مائنڈ سیٹ سے نکل کر معیشت کے لئے کام کرنا ہوگا،پاکستان ہے تو ہم ہیں ، ہمیں اتحاد کی ضرورت ہے ،انفرادی کے بجائے اجتماعی سطح پر سوچنا ہو گا،میثاق معیشت پر بات کرنے کی ضرورت ہے، معیشت کی بہتری ہماری آنے والی نسلوں کیلئے نا گزیر ہے ،پرائیویٹ سیکٹر کو مضبوط کرنا ہوگا ،حکومت ٹرینیں اور بسیں کیوں چلائے یہ پرائیویٹ شعبہ چلا سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے ایف پی سی سی آئی میں ''چارٹرڈ آف اکانومی '' کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کو میثاق جمہوریت کی طرح میثاق معیشت کی ضرورت ہے ، میں تمام سیاسی جماعتوں سے بات کروں گا تاکہ انہیں اس کے لیے آن بورڈ لیا جا سکے، میثاق معیشت پچاس سال کے لیے ہونا چاہیے نہ کہ چند سالوں کے لئے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کو 200 ارب امریکی ڈالر کے زرمبادلہ کے ذخائر کی ضرورت ہے کیونکہ 20 ارب ڈالر کے ذخائر کچھ بھی نہیں۔ اگر پاکستان 250 سے 300 ارب ڈالر زکی مصنوعات اور خدمات برآمد کر رہا ہے تو کوئی دفاعی اخراجات پر سوال نہیں اٹھائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کا کام نہیں ہے کہ وہ کاروبار کرے ،کاروبار کرنا پرائیویٹ سیکٹر کا کام ہے ،حکومت کاروبار کو سہولت فراہم کرے،حکومتیں کاروبار اور تجارت کو آسان بنائیں اور جب لوگ منافع کمائیں تو حکومت ان سے ٹیکس لے ،پیپلز پارٹی آمدن بڑھا کر ٹیکس بڑھانے پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک آج جس مقام پر ہے ہم اس مقام پر پہلے بھی آ چکے ہیں، تاجروں نے پیپلز پارٹی کی پانچ سال کی حکومت دیکھی ہے، میں یہ تو نہیں کہتا ہماری حکومت بہت اچھی تھی مگر باقی سب سے بہتر تھی،ہمارے دور میں ہر سیکٹر میں بہتری آئی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بزنس مین اکٹھے ہو جائیں ،میں سرمایہ کاری کی حفاظت کی گارنٹی دیتا ہوں، آنے والی نسلوں کے لئے معیشت کی بہتری نا گزیر ہے،مائنڈسیٹ سے نکل کرمعیشت کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان میں اب بھی آگے بڑھنے کی صلاحیت ہے، ملک میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ کی ضرورت ہے، پرائیویٹ سیکٹر کو مضبوط کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ معاشی منصوبہ بندی چنددنوں کیلئے نہیں سالوں کیلئے ہوتی ہے، چین نے50سالوں کیلئے منصوبہ بندی کررکھی ہے، ہمیں بھی مستقبل کی منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔علاوہ ازیں مختلف سیاسی شخصیات کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ روز بلاول ہاو¿س لاہور میں سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کے دوران تونسہ شریف ڈیرہ غازی خان سے آزاد امیدوار پنجاب اسمبلی حافظ طاہر اور حافظ ہاشم نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ ملاقات میں صدر پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب مخدوم احمد محمود اور سابق وزیر اعلی پنجاب سردار دوست محمد کھوسہ بھی موجود تھے۔ ۔ ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب سے کل مزید سیاسی رہنماو¿ں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا امکان ہے ۔ آصف علی زرداری نے لاہور میں قیام 12 جون تک بڑھا دیا ہے۔جبکہ پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے قائمقام صدر رانا فاروق سعید خاں کے تینوں صاحبزادوں رانا بلال فاروق خاں ایڈووکیٹ،رانا عمر فاروق خاں ایڈووکیٹ اور رانا اسامہ فاروق خاں ایڈووکیٹ نے آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔
آصف زرداری 

مزیدخبریں