اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قوم کے بھرپور تعاون سے ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں گے، ملک دشمن عناصر اور ان کے حامی پراپیگنڈے سے معاشرتی تفرقہ پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، بگاڑ پیدا کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔ان کا کہنا تھا کہ جناح ہاﺅس سمیت فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زِیر صدارت جی ایچ کیو میں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں کور کمانڈرز، پرنسپل سٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔ فورم نے شہدا کی عظیم قربانیوں، جن میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اِداروں کے افسران وجوانوں اور سِول سوسائٹی کے شہدا شامل ہیں، کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ جب کہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے یوم سیاہ سانحہ9 مئی کے واقعات کی سخت ترین مذمت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ریاست پاکستان اور مسلح افواج، شہدا پاکستان اور اِن کے اہلخانہ کو احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ سراہتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور مسلح افواج کا آپس میں گہرا تعلق ہے جو قومی سلامتی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ25 مئی کی تقریبات میں عوام کی بھرپور شرکت افواج پاکستان اور عوام میں گہرے تعلق کی واضح عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکورٹی فورسز پر پر تشدد حملے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سیاسی سرگرمیوں کو روکنے کے بے بنیاد الزامات کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا اور مسلح افواج کو بدنام کرکے مذموم سیاسی مفادات کا حصول ہے۔ انہوں نے کہا کہ بگاڑ پیدا کرنے کی اورفرضی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے پیچھے پناہ لینے کی تمام تر کوششیں بے سودہیں۔ کثرت سے جمع کیے گئے ناقابلِ تردید شواہد کونہ جھٹلایا اور نہ ہی بگاڑا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک دشمن عناصر اور ان کے حامی، جعلی اور بے بنیاد خبروں اور پروپیگنڈہ کے ذریعے معاشرتی تفرقہ اور انتشار پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ آرمی چیف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم کے بھرپور تعاون سے تمام تر ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا، انشا اللہ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکا نے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پروان چڑھانے اور ملک میں افراتفری پھیلانے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی ضرورت پرزور دیا۔ کانفرنس کے شرکاءکا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ان کے منصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈز کے خلاف قانون کی گرفت مضبوط کی جائے۔ شرکاءنے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ شہدا کی یادگاروں، جناح ہاﺅس کی بے حرمتی کرنے والوں اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ، جو کے آئینِ پاکستان کے تحت ہیں، کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لا کر کیفرِ کردارتک پہنچایا جائے۔ کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کااظہار کیا کہ مخالف قوتوں کے ناپاک عزائم کو مکمل طور پر ناکام بنانے کی راہ میں کسی بھی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرنے اور ابہام پیدا کرنے کی کوششوں کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا جب کہ افواج پاکستان، ملکی سلامتی اور استحکام کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
آرمی چیف