لاہور(نیوز رپورٹر)زیرتعمیر دیا مر بھاشا ڈیم کیلئے دریائے سندھ کا رخ اسی سال نومبر میں موڑ دیا جائے گا۔ رخ موڑے جانے کے بعد دریائے سندھ مذکورہ مقصدکیلئے تعمیر کی گئی۔ تقریباًایک کلو میٹر طویل ڈائی ورشن ٹنل اور 0.8کلو میٹر طویل ڈائی ورشن کینال سے گزرنے کے بعد مین ڈیم سائٹ سے زیریں جانب دوبارہ اپنے قدرتی راستہ سے جاملے گا۔ دریا کا رخ موڑنا دیا مر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے اہم ترین اہداف میں سے ایک ہے۔ چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) کو یہ بات ان کے دیا مر بھاشا ڈیم کے دورے پر ریور ڈائی ورشن سسٹم پر پیش رفت بارے ایک بریفنگ کے دوران بتائی گئی۔ چیئرمین واپڈا کو بتایا گیاکہ منصوبے کی 13 سائٹس پر تعمیراتی کام جاری ہے۔ پہلے مرحلے کی ڈائی ورشن کیلئے مین ڈیم سے بالائی جانب عارضی (Starter)ڈیم مکمل کیا جاچکا ہے جبکہ زیریں جانب عارضی (Starter)ڈیم پر کام جاری ہے اوریہ نومبر تک مکمل ہوجائے گا۔ چیئرمین کو ڈائی ورشن کینال پر بھی پیش رفت بارے بتایا گیا۔ ڈائی ورشن کینال ہائی فلو سیزن میں دریاکے بہاو¿ کیلئے استعمال ہوگی۔ بریفنگ کے دوران منصوبے پر مجموعی پیش رفت اور اہداف بارے بھی گفتگو کی گئی۔ چلاس شہر سے 40 کلو میٹر زیریں جانب دریائے سندھ پر زیرتعمیر دیا مر بھاشا ڈیم کے دورے میں چیئرمین واپڈا نے منصوبے کی مختلف سائٹس پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔