الجزائر، گیانا، سیرا لیون، جنوبی کوریا اور سلووینیا 2 سال کے لئے سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن منتخب ہوگئے۔ سلووینیا نے بیلا روس کے مقابلے 153 ووٹ لے کر مشرقی یورپ کے لیے سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی نشست پر کامیابی حاصل کی اور بیلاروس کو 38 ووٹ ملے۔ باقی 4 ملک بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں 15 ملک شامل ہیں۔ جن میں ویٹو پاور کے حامل پانچ مستقل ارکان برطانیہ، فرانس، چین، روس اور امریکا ہیں۔ 10 دیگر ملک دو سال کے لیے منتخب ہوتے ہیں۔ ہر سال پانچ ملکوں کے لیے الیکشن ہوتا ہے۔ 10 غیر مستقل نشستوں کے لیے رکن ممالک کا انتخاب تمام خطوں کی یکساں نمائندگی کے تحت کیا جاتا ہے۔نومنتخب ارکان الجزائر اور سیرالیون افریقہ کی نمائندگی کریں گے۔ جنوبی کوریا نے ایشیا اور بحرالکاہل کے علاقے کے لیے نشست حاصل کی۔ گیانا نے لاطینی امریکا اور کیریبین کے لیے مخصوص نشست حاصل کی ہے۔سلامتی کونسل کے 5نومنتخب غیر مستقل ارکان البانیہ، برازیل، گیبون، گھانا اور متحدہ عرب امارات کی جگہ یکم جنوری 2024 سے شروع ہونے والی دو سالہ مدت کے لیے اپنی نشست سنبھالیں گے۔ سلامتی کونسل کے غیر مستقل ارکان کا انتخاب اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک کرتے ہیں اور کسی بھی رکن کو اپنے انتخاب کے لئے ان میں سے دو تہائی یا 128 ووٹ لینا ضروری ہوتے ہیں۔