ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے روسی صدر پیوٹن اور یوکرینی صدر زیلینسکی کو ڈیم بحران میں ثالثی کی پیشکش کر دی۔ترک میڈیا کے مطابق صدر ایردوان نے بدھ کے روز یوکرین کے خاخووکا ڈیم کی تباہی کی تحقیقات کے لیے بین الاقوامی کمیشن بنانے کی تجویز پیش کی ہے۔انہوں نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی اور روس کے ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ الگ الگ فون کال میں یہ تجویز دی ہے۔ماسکو اور کیف نے کاخووکا ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم کی تباہی کا الزام عائد کیا ہے جسے منگل کی صبح ایک مبینہ دھماکے کے بعد تباہ کیا گیا تھا۔صدر ایردوان نے کہا کہ کاخووکا ڈیم پر ہونے والے دھماکے کی تفصیلی تحقیقات کے لیے متحارب فریقوں، اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری بشمول ترکی کے ماہرین کی شرکت سے ایک کمیشن قائم کیا جا سکتا ہے۔اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن کو ایک دوسری کال میں ایردوان نے کہا کہ روسی اور یوکرائنی افواج کے درمیان فرنٹ لائن پر ہونے والی تباہی کی ایک جامع تحقیقات کی ضرورت ہے۔ایردوان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اس معاملے کو دیکھنے کے لیے ایک بین الاقوامی کمیشن تشکیل دیا جا سکتا ہے جس میں اقوام متحدہ اور ترکی شامل ہوں۔