گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)سنی علماء مشائخ کونسل کے زیر اہتمام نوشہرہ روڈ پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اسرائیلوں کے ظلم و ستم اور جارحیت کے خلاف پرامن احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔ریلی کی قیادت سنی علماء مشائخ کونسل و جماعت اہلسنت کے سٹی صدر قاری الیاس قادری نے کی۔ اس موقع پرمقررین نے کہا کہ اسرائیلیوں کی جانب سے فلسطینیوں پر جس طرح ظلم و ستم ڈھایاجارہا ہے عالم اسلام کے دو ارب مسلمانوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔غزہ میں فلسطینی مسلمانوں کی اسرائیل کے ہاتھوں نسل کشی کی سخت مذمت کرتے ہیںتمام مسلمانوں کو اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرنا چاہیئے جس سے حاصل ہونے والی آمدنی کو مسلمانوں کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔حکومت کو چاہیئے کہ وہ دوٹوک پالیسی اختیار کرے۔