لاہور(نوائے وقت رپورٹ) پنجاب کے قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے صوبائی اسمبلی سے منظور ہونے والے ہتک عزت بل پر دستخط کردیے اور یہ باقاعدہ قانون بن گیا اور گزٹ نوٹیفکیشن کے بعد نافذ العمل ہوگا۔ پنجاب اسمبلی سے منظوری کے بعد ڈیفمیشن بل (ہتک عزت) کئی روز تک گورنر پنجاب کے دستخط کا منتظر رہا کیونکہ گورنر پنجاب سلیم حیدر نے ڈیفمیشن بل پر دستخط کرنے کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ گورنر پنجاب سلیم حیدر کی بیرون ملک روانگی کے بعد سپیکر ملک محمد احمد خان نے قائم مقام گورنر بنتے ہی ہتک عزت بل پر دستخط کرنے کے بعد پنجاب اسمبلی کو واپس بھیج دیا۔