نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی صدر دروپدی مرمو نے نریندر مودی کو مرکز میں حکومت سازی کی پیشکش کردی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے زیر قیادت سیاسی جماعتوں کے اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی جانب سے مودی کو پارلیمانی پارٹی کا لیڈر منتخب کیے جانے کے بعد بھارتی صدر کی جانب سے انہیں حکومت سازی کی پیشکش کی گئی۔ این ڈی اے کے پاس 543 نشستوں کی لوک سبھا میں 293 نشستیں ہیں۔ اتحاد نے صدر کو اپنے ارکان کی فہرست بھی پیش کی۔ اس سے قبل نئی حکومت کی تشکیل کے لیے این ڈی اے کا اجلاس ہوا جس میں مودی کو وزیراعظم بننے کے لیے باضابطہ طورپر منتخب کرلیا۔