اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان اور روس کے درمیان ریلوے میں تعاون کے معاہدے پر دستخط ہو گئے۔ اس حوالے سے جاری وزارت ریلوے کے اعلامیہ کے مطابق دستخط 27 ویں سینٹ پیٹرز برگ انٹرنیشنل اکنامک فورم کے موقع پر ہوئے۔ مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) کے تحت اس شعبے میں کام کرنے والی متعلقہ کمپنیوں کے درمیان مستقبل میں تعاون بھی ہو گا۔ اعلامیہ کے مطابق معاہدے کا مقصد بین الاقوامی کارگو ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا اور سہولت فراہم کرنا ہے۔ مفاہمت پر دستخط پاکستانی سفیر محمد خالد جمالی اور روس کے ڈپٹی وزیر ٹرانسپورٹ نے کئے۔