اسرائیل نے بھارتی میزائلوں سے حملے کئے، 40 فلسطینی شہید، سینکڑوں زخمی ہوئے: آئی ایس پی آر

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) غزہ میں اقوام متحدہ کے پناہ گزین کیمپوں پر اسرائیلی حملے میں بھارتی ساختی میزائلوں کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق معصوم فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی جارحیت کو 244 دن گزر گئے اور معصوم فلسطینیوں پر اسرائیل کی دہشت گردی جاری ہے۔ غزہ پر اسرائیلی حملوں کا سب سے بڑا حامی بھارت ہے جو کہ مودی کی مسلمان دشمنی کا ثبوت ہے۔ کل رات فلسطین میں قائم اقوام متحدہ کے نصیریت میں پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج نے بہیمانہ بمباری کی۔ بمباری کے نتیجے میں 40 معصوم فلسطینی شہید جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔ حملے میں اسرائیل نے بھارتی ساختہ میزائل سے پناہ گزین کیمپ کو نشانہ بنایا جو کہ میزائل پر لگے ’’میڈ ان انڈیا‘‘ کے لیبل سے واضح ہے۔ جنوری 2024ء میں بھارتی دفاعی کمپنی میونیشنز انڈیا لمیٹڈ کی جانب سے اسرائیل کو گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد فراہم کیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کمپنی میونیشنز انڈیا لمیٹڈ کی اسرائیل کو ہتھیاروں کی دوسری بر آمدگی بھی زیر غور ہے۔ رواں سال بھی اڈانی گروپ کے ڈرون  بھارت سے اسرائیل بھیجے گئے تھے  جو غزہ میں نہتے مسلمانوں پر استعمال کیے گئے۔ فلسطین میں بھارتی میزائلوں کا استعمال واضح کرتا ہے کہ انتہا پسند مودی بھارت سے باہر بھی مسلمانوں پر حملے کروا کر اپنے یہودی آقاؤں کی مکمل تائید کر رہا ہے۔ بھارت اسرائیل کا یہ گٹھ جوڑ دنیا کو ایک خطرناک جنگ میں دھکیل رہا ہے۔ ایسے میں غزہ سے شروع ہونے والی جنگ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی جو گریٹر اسرائیل کے ایجنڈے کے لیے ناگزیر ہے۔ تاریخ سے ثابت ہے کہ اسرائیل کی ہر جنگ کا مقصد مسلمانوں کے مزید علاقے ہڑپ کرنا تھا۔ مودی کا اکھنڈ بھارت اور گریٹر اسرائیل ایک ہی صفحے کے دو رخ ہیں۔

ای پیپر دی نیشن