لاہور؍ مری (نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کاشتکاروں کے لئے تاریخی پیکیج کے تحت ’’پنجاب کسان بنک،گرین ٹریکٹر سکیم، ہارویسٹر اور زرعی آلات کی مقامی سطح پر تیاری اور آئل سیڈ پروموشن پروگرام‘‘ کا اعلان کیا ہے۔ مریم نوازشریف اور نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں کسان پیکیج پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں کاشتکاروں کو آسان قرضوں کے لئے پنجاب کسان بینک قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ کاشتکاروں کے لئے ’’سی ایم پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم‘‘ کی منظوری دی گئی۔ مریم نوازشریف نے ٹریکٹر پر محض چھ لاکھ روپے سبسڈی کی تجویز مسترد کردی۔ چھوٹے ٹریکٹر پر 70فیصد اور بڑے ٹریکٹر پر 50 فیصد سبسڈی دینے کی ہدایت کی۔ نواز شریف کی تجویز پرپنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت ٹریکٹروں کی تعداد 10 ہزار بڑھا دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کا پہلا فیز ایک سال میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔ ہر سال پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت ٹریکٹرز کی تعداد بڑھانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ چھ ایکڑ سے 50ایکڑ اراضی مالکان ٹریکٹر سکیم میں اپلائی کرنے کے اہل ہونگے۔ وزیر اعلیٰ نے مقامی سطح پر تیار کردہ ہائی ٹیک میکانائزیشن پروگرام کی بھی منظوری دی۔ غیر ملکی کمپنیاں پنجاب میں مقامی اشتراک سے ہارویسٹر اور دیگر آلات تیار کریں گی۔ غیر ملکی کمپنیوں کو جدید زرعی آلات کی پنجاب میں مینوفیکچرنگ پر مراعات دینے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ آئل سیڈ پروموشن پروگرام شروع کرنے کی منظوری دی گئی جس کے تحت صوبے کے مختلف علاقوں میں تیل دار اجناس تیار کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ 400ارب روپے کا کسان پیکیج دیا جا رہا ہے۔ کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں کو زرعی مداخل کے علاوہ دیگر مراعات اور سہولتیں بھی دیں گے۔ ہر کاشتکار کی خوشحالی اور زرعی پیداوار میں اضافہ ہمارے اولین اہداف میں شامل ہے۔ اجلاس میں ٹیوب ویل کی سولرائزیشن اور ڈرپ ایریگیشن سسٹم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ کسان کارڈ کے لئے 48گھنٹے میں 47ہزار فارمر رجسٹریشن کراچکے ہیں۔ علاوہ ازیں روڈا کے پراجیکٹس کی تکمیل کے لئے چین اور دیگر انٹرنیشنل اداروں سے اشتراک کار کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے روڈا میں ماسٹر پلان پرعملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی اور روڈا میں اراضی کی غیر قانونی خریدوفروخت روکنے کا حکم دیا۔ مریم نواز شریف نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں روڈا میں فارسٹ ایریا بیس فیصد سے بڑھا کر 35 فیصد کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ روڈا پراجیکٹ ٹوئن سٹی میں انٹرنیشنل لیول کا ائیر پورٹ بنانے کی تجویز، روڈا میں دریا راوی کی صفائی اور دریا کا پاٹ ہزار میٹر سے زائد چوڑا رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ مریم نواز نے روڈا فارسٹ ایریا میں تعمیرات پر پابندی کے قوانین پر عملدرآمد کی ہدایت دی۔ روڈا کی اراضی پر تجاوزات روکنے کے لئے سپیشل پولیس فورس قائم کرنے کا جائزہ لیا گیا۔ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے متعلق سی ای او عمران امین نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تین جھیلوں میں 117ارب گیلن پانی ذخیرہ کیا جائے گا۔ روڈا نیو سٹی میں بننے والی جھیلوں کی وجہ سے لاہور کا گراؤنڈ واٹر 500 کیوبک فٹ فی سیکنڈ چارج ہوگا۔ پراجیکٹ میں آنے والے گاؤں کو ماڈل ویلج بنایا جائے گا۔ نواز شریف نے کہا کہ 2013 میں راوی کنارے نیا شہر آباد کرنے کا پلان بنایا، بعد میں آنے والوں نے رکاوٹیں کھڑی کیں۔ لاہور کے فیوچر پراجیکٹ میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ روڈا تمام پراجیکٹس میں ماحولیاتی تحفظ یقینی بنائے۔
نوازشریف، مریم کی زیرصدارت اجلاس، کسان بنک بنے گا، گرین ٹریکٹر سکیم منظور
Jun 08, 2024